خطبہ خطبہ : 236

خطبہ (236) : آلِ محمد کی توصیف اور روایت میں عقل و درایت سے کام لینے کے لئے فرمایا (236- آلِ محمدؑ کی توصیف اور روایت میں عقل و درایت سے کام لینا)

خطبہ (۲۳۶)
اس میں آلِ محمد علیہم السلام کا ذکر فرمایا
وہ علم کیلئے باعثِ حیات اور جہالت کیلئے سبب مرگ ہیں۔ ان کا حلم ان کے علم کا اور ان کا ظاہر ان کے باطن کا اور ان کی خاموشی ان کے کلام کی حکمتوں کا پتہ دیتی ہے۔
وہ نہ حق کی خلاف ورزی کرتے ہیں، نہ اس میں اختلاف پیدا کرتے ہیں۔ وہ اسلام کے ستون اور بچاؤ کا ٹھکانا ہیں۔ ان کی وجہ سے حق اپنے اصلی مقام پر پلٹ آیا اور باطل اپنی جگہ سے ہٹ گیا اور اس کی زبان جڑ سے کٹ گئی۔
انہوں نے دین کو سمجھ کر اور اس پر عمل کر کے اسے پہچانا ہے، نہ صرف نقل و سماعت سے اسے جانا ہے۔ یوں تو علم کے راوی بہت ہیں مگر اس پر عمل پیرا ہو کر اس کی نگہداشت کرنے والے کم ہیں۔