خطبہ خطبہ : 59

خطبہ (59) : خوارج کی ہزیمت کے متعلق پیشنگوئی (59- خوارج کی ہزیمت کے متعلق آپؑ کی پیشینگوئی)

خطبہ (۵۹)
جب [۱] آپؑ نے خوارج سے جنگ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو آپؑ سے کہا گیا کہ: وہ نہر وان کا پل عبور کر کے ادھر جا چکے ہیں، تو آپؑ نے فرمایا:
ان کے گرنے کی جگہ تو پانی کے اسی طرف ہے۔ خدا کی قسم! ان میں سے دس بھی بچ کر نہ جا سکیں گے اور تم میں سے دس بھی ہلاک نہ ہوں گے۔
سیّد رضیؒ فرماتے ہیں کہ: اس خطبہ میں ’’نطفہ‘‘ سے مراد نہر (فرات) کا پانی ہے اور پانی کیلئے یہ بہترین کنایہ ہے، چاہے پانی زیادہ بھی ہو۔
جب خوارج مارے گئے تو آپؑ سے کہا گیا کہ: وہ لوگ سب کے سب ہلاک ہو گئے۔ آپؑ نے فرمایا:
ہرگز نہیں! ابھی تو وہ مردوں کی صلبوں اور عورتوں کے شکموں میں موجود ہیں [۲] ۔ جب بھی ان میں کوئی سردار ظاہر ہو گا تو اسے کاٹ کر رکھ دیا جائے گا، یہاں تک کہ ان کی آخری فردیں چور اور ڈاکو ہو کر رہ جائیں گی۔
انہی خوارج کے متعلق فرمایا:
میرے بعد خوارج کو قتل نہ کرنا! [۳] اس لئے کہ جو حق کا طالب ہو اور اسے نہ پا سکے وہ ویسا نہیں ہے کہ جو باطل ہی کی طلب میں ہو اور پھر اُسے پا بھی لے۔
سیّد رضیؒ کہتے ہیں کہ: اس سے مراد معاویہ اور اس کے ساتھی ہیں۔